انقرہ :ترک صدر رجب طیب اردگان نے اسرائیلی وزیرِاعظم بنیامین نیتن یاہو کو دنیا کا "ظالم ترین انسان" قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ترکیہ فلسطینی عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم پر خاموش تماشائی نہیں بن سکتا۔
انقرہ میں عید میلادالنبی ﷺ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر اردگان نے فلسطین، غزہ، یمن، سوڈان اور افغانستان میں جاری انسانی بحرانوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ "ہمارا آدھا دل یہاں ہے، اور باقی آدھا ان مظلوم خطوں میں ہے"۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ اسلامی دنیا کے زخم مسلسل تازہ ہیں اور ظلم کے خلاف کھڑا ہونا ہر مسلمان کا فرض ہے۔
"ہم ناامید نہیں اور نہ ہی ہوں گے۔ ہم ظلم و ناانصافی کے سامنے کبھی سر نہیں جھکائیں گے"، اردگان نے اپنے خطاب میں کہا۔
ترک صدر نے کہا کہ تمام مسلمان ایک جسم کی مانند ہیں، اگر ایک حصہ زخمی ہو تو پورا جسم درد محسوس کرتا ہے۔ انہوں نے مسلم دنیا پر زور دیا کہ وہ متحد ہو کر مظلوموں کی حمایت کرے اور ظالموں کے خلاف آواز بلند کرے۔
اردگان کے اس جرات مندانہ بیان کو عالمی سطح پر اہمیت دی جا رہی ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب غزہ میں اسرائیلی حملوں کے باعث بڑی تعداد میں شہری شہید ہو چکے ہیں اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں سامنے آ رہی ہیں۔
واضح رہے کہ ترکیہ گزشتہ کئی برسوں سے فلسطینی کاز کی کھل کر حمایت کرتا چلا آ رہا ہے، اور صدر اردگان کی قیادت میں اسرائیلی اقدامات پر متعدد بار سخت موقف اختیار کیا گیا ہے۔