ملک میں مہنگائی کی شرح میں نمایاں اضافہ، ضروری اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ

09:17 PM, 5 Sep, 2025

کراچی: پاکستان ادارہ شماریات کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق ملک میں ضروری اشیاء کی قیمتوں میں ہفتہ وار 1.29 فیصد اور سالانہ بنیادوں پر 5.07 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ گزشتہ ہفتے چار اشیاء کی قیمتوں میں کمی دیکھی گئی، جب کہ 23 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

گزشتہ ہفتے کیلے کی قیمت میں 3.86 فیصد، ڈیزل میں 0.91 فیصد، چینی میں 0.13 فیصد اور سرسوں کے تیل میں 0.10 فیصد کمی آئی۔ اس کے برعکس ٹماٹر کی قیمت میں 46.02 فیصد، آٹے میں 25.41 فیصد، پیاز میں 8.57 فیصد، ٹوٹا باسمتی چاول میں 2.62 فیصد اور لہسن میں 2.04 فیصد اضافہ نوٹ کیا گیا۔

ادارہ شماریات کے مطابق اگست کے مہینے میں مہنگائی کی شرح 0.65 فیصد کم ہو کر 2.99 فیصد رہ گئی، جبکہ جولائی تا اگست مہنگائی کی اوسط شرح 3.53 فیصد تھی۔ اس دوران ٹماٹر 19.3 فیصد اور پیاز 14.46 فیصد مہنگا ہوا، انڈے اور چکن کی قیمتوں میں بھی بالترتیب 12.84 فیصد اور 4.16 فیصد اضافہ دیکھا گیا۔

اسی طرح اسپتال سروسز، تعلیم، لانڈری اور ڈاکٹروں کی فیس میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ پھل اور سبزیوں کی قیمتوں میں قدرے کمی دیکھی گئی، جہاں پھل 21.16 فیصد اور سبزیاں 18.48 فیصد سستی ہوئیں۔ چینی کی قیمت میں بھی 5.49 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ موٹر فیول، بجلی اور ٹرانسپورٹ کرایوں میں بھی کمی واقع ہوئی ہے۔

یہ اعداد و شمار ملک میں مہنگائی کے اتار چڑھاؤ اور عوام کی زندگی پر اس کے اثرات کی عکاسی کرتے ہیں۔
 
 

مزیدخبریں