بلاول بھٹو زرداری کا وزیراعظم سے ٹیلی فونک رابطہ، سیلاب زدہ پنجاب کے کاشتکاروں کے مسائل پر تبادلہ خیال

10:29 PM, 5 Sep, 2025

قصور: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے قصور میں سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور وہاں کے کسانوں سے ملاقات کے بعد وزیراعظم شہباز شریف سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا، جس دوران انہوں نے سیلاب سے متاثرہ کسانوں کے مسائل سے آگاہ کیا۔

بلاول بھٹو نے وزیراعظم کو بتایا کہ حالیہ سیلاب نے پنجاب کے زرعی شعبے کو بھاری نقصان پہنچایا ہے اور وفاقی حکومت کو صوبائی حکومت کے ساتھ مل کر متاثرہ کسانوں کی مدد کے لیے فوری اقدامات کرنے چاہئیں۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ پنجاب کے آفت زدہ اضلاع کے کسانوں کے بجلی کے بلز معاف کیے جائیں، زرعی قرضوں کی ادائیگی میں آسانیاں فراہم کی جائیں یا انہیں معاف کیا جائے۔ اس کے علاوہ، بلاول بھٹو نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت متاثرہ کسانوں کو نقد مالی امداد فراہم کرنے کی درخواست بھی کی۔

اپنے خطاب میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سیلاب کی تباہ کاریوں سے نمٹنا صرف مقامی یا صوبائی حکومت کے بس کی بات نہیں، وفاقی حکومت کو بھی بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے صوبے میں زرعی ایمرجنسی نافذ کرنے اور بیج و کھاد پر سبسڈی فراہم کرنے پر زور دیا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ زراعت ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے اور پنجاب میں اس شعبے کو شدید نقصان پہنچا ہے جس کے فوری ازالے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی بھی تعریف کی اور کہا کہ سیلاب کے دوران ان کی کوششیں قابل ستائش ہیں، انہوں نے مشکل حالات میں بہترین کارکردگی دکھائی اور بہت محنت کی ہے۔
 
 

مزیدخبریں