سارو گنگولی کی 10 سال بعد ٹی وی پر واپسی، ’بگ باس بنگلا‘ کے میزبان بن گئے

10:20 AM, 5 Sep, 2026

ممبئی : بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سارو گنگولی نے کرکٹ کے بعد ایک بار پھر ٹیلی ویژن کی دنیا میں قدم رکھ دیا ہے اور تقریباً 10 سال کے وقفے کے بعد میزبانی کے فرائض سنبھال لیے ہیں۔

سارو گنگولی کو مقبول رئیلٹی شو ’بگ باس بنگلا‘ کے تیسرے سیزن کی میزبانی کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔

میزبانی کی نئی ذمہ داری کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے سابق کرکٹر نے ’بگ باس‘ کو بھارت کے مقبول ترین شوز میں شمار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پروگرام کی وسیع مقبولیت اور مختلف بھارتی زبانوں میں اس کے متعدد ورژنز نے اسے ایک منفرد شناخت دی ہے۔

یہ منصوبہ اینڈیمول شائن انڈیا کے ساتھ سارو گنگولی کی پہلی وابستگی بھی ہے۔ سابق کپتان کے مطابق وہ اس سے قبل مختلف ٹیلی ویژن پروگرامز کا حصہ بن چکے ہیں، تاہم ’بگ باس‘ کی میزبانی ان کے لیے ایک بالکل مختلف تجربہ ہے۔

سارو گنگولی تقریباً ایک دہائی بعد کسی ٹی وی پروگرام کی میزبانی کر رہے ہیں اور ان کی نئی ذمہ داری نے مداحوں کی توجہ بھی حاصل کی ہے۔

دوسری جانب ’بگ باس‘ کے ہندی ورژن کی میزبانی کا سلسلہ بدستور سلمان خان کے پاس ہے۔ شو کے 20ویں سیزن کا آغاز 6 ستمبر سے متوقع ہے۔

واضح رہے کہ ’بگ باس بنگلا‘ بھی تقریباً 10 سال کے وقفے کے بعد ایک مرتبہ پھر ناظرین کے لیے پیش کیا گیا ہے۔

مزیدخبریں