ویمنز ایشیا کپ: پاکستان اور بھارت آج اہم مقابلے میں مدمقابل

02:29 PM, 5 Sep, 2026

دبئی : ویمنز ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت آج ہفتے کی شام دبئی میں ایک اہم میچ میں آمنے سامنے ہوں گے۔

بھارتی ٹیم اپنے ابتدائی دونوں میچز میں کامیابی حاصل کرکے سیمی فائنل میں جگہ بنا چکی ہے، جبکہ پاکستان نے اب تک ایونٹ میں صرف ایک میچ کھیلا ہے۔ پاکستان کے لیے بھارت کے خلاف میچ کا نتیجہ اہم ضرور ہے، تاہم ہانگ کانگ کے خلاف آخری گروپ میچ میں کامیابی اسے ناک آؤٹ مرحلے تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔

دونوں ٹیموں کے لیے آج کے میچ میں بیٹنگ خصوصی توجہ کا مرکز ہوگی۔ بھارت نے ابتدائی دونوں مقابلوں میں بڑے مجموعے ترتیب دیے، لیکن اس کے مڈل آرڈر کی کارکردگی ٹیم مینجمنٹ کے لیے باعثِ تشویش ہے۔

تھائی لینڈ کے خلاف بھارت نے اوپنرز کی جانب سے مضبوط آغاز کے باوجود صرف 46 رنز کے دوران اپنی 8 وکٹیں گنوائیں، جس سے مڈل آرڈر کی کمزوری نمایاں ہوئی۔

بھارت کی جانب سے سمرتی مندھانا اب تک 143 رنز کے ساتھ ٹورنامنٹ کی کامیاب ترین بیٹر ہیں، جبکہ شفالی ورما نے 92 رنز سکور کیے ہیں۔

دوسری جانب پاکستان کو بھی تھائی لینڈ کے خلاف بیٹنگ میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ تاہم شوال ذوالفقار اور منیبہ علی نے حالیہ دورۂ سری لنکا میں جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرکے اپنی صلاحیتوں کا اظہار کیا تھا۔

اگر پاکستانی ٹیم بھارت کے خلاف اپنی صلاحیتوں کے مطابق کھیل پیش کرنے میں کامیاب رہتی ہے تو وہ ویمنز ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ میں روایتی حریف کے خلاف اپنی صرف دوسری فتح حاصل کرسکتی ہے۔

مزیدخبریں