معیشت بہتر بنانا ناگزیر، نئی صنعتوں کے قیام اور ملکی وسائل سے استفادہ کرنا ہوگا: ایس ایم تنویر

02:55 PM, 5 Sep, 2026

لاہور:قومی پالیسی ڈائیلاگ سے خطاب کرتے ہوئے ایس ایم تنویر نے کہا ہے کہ پاکستان کو موجودہ حالات میں اپنی معیشت کو ہر صورت بہتر بنانا ہوگا، کیونکہ ملک کو بیرونی خطرات کا سامنا ہے۔ بھارت جیسے دشمن سر پر بیٹھے ہیں، اس لیے معاشی استحکام ناگزیر ہے۔
 ایس ایم تنویر نے کہا کہ پاکستان کی آبادی میں ہر سال اضافہ ہو رہا ہے، تاہم ملک میں نئی صنعتیں قائم نہیں ہو رہیں۔ اگر صنعتیں قائم بھی ہوں اور مطلوبہ اہلیت و ہنرمند افرادی قوت دستیاب نہ ہو تو یہ بھی ایک بڑا مسئلہ بن جائے گا۔ پاکستان کو نئی صنعتوں کے ساتھ ساتھ ہنرمند افرادی قوت تیار کرنے پر بھی توجہ دینا ہوگی۔
 انہوں نے کہا کہ ملک میں اس وقت نئی انڈسٹری کی ضرورت ہے، جبکہ زراعت کا شعبہ بھی اپنی استعداد کے مطابق ترقی نہیں کر رہا۔ پاکستان میں ہر موسم موجود ہونے کے باوجود زرعی شعبہ مطلوبہ رفتار سے آگے نہیں بڑھ سکا۔

 ان کا کہنا تھا کہ پاکستان دنیا کی مہنگی ترین بجلی خرید رہا ہے، جس کے باعث صنعت اور معیشت کو مشکلات کا سامنا ہے۔ ملک کے پاس قدرتی وسائل کی کمی نہیں، تھر میں بہترین کوئلہ موجود ہے، جبکہ بلیو اکانومی کے بھی وسیع مواقع ہیں۔

 ایس ایم تنویر نے کہا کہ بلوچستان معدنیات سے مالا مال ہے لیکن اس کے باوجود ہم کشکول لے کر پھر رہے ہیں۔ پاکستان کو اپنے وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے معاشی خودمختاری کی جانب بڑھنا ہوگا۔

 انہوں نے کہا کہ چنیوٹ میں فرنیچر سازی کا بہترین کام ہوتا ہے، مگر وہاں سے کوئی قابلِ ذکر ایکسپورٹ نہیں ہو رہی۔ اسی طرح خیرپور سے کھجور باہر جاتی ہے اور پھر چاکلیٹ بن کر واپس آتی ہے، جو ہماری ویلیو ایڈیشن کی کمزوری کو ظاہر کرتی ہے۔

 ایس ایم تنویر نے مزید کہا کہ ملک کا قرض بڑھتا جا رہا ہے اور ٹیکس بھی بڑھتا جا رہا ہے، سوال یہ ہے کہ اس صورتحال کا جواب دہ کون ہوگا۔ پاکستان کو معاشی مسائل کے مستقل حل کے لیے صنعت، زراعت، توانائی، برآمدات اور قدرتی وسائل کے شعبوں میں بنیادی اصلاحات کرنا ہوں گی۔

مزیدخبریں