حکومت نے ڈالر ذخیرہ کرنیوالوں کیخلاف کارروائی کا اعلان کر دیا

حکومت نے ڈالر ذخیرہ کرنیوالوں کیخلاف کارروائی کا اعلان کر دیا
کیپشن: اسلام کو کوئی خطرہ نہیں بلکہ پاکستان میں خطرہ صرف چوروں کو ہے، فواد چوہدری۔۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ حکومت نے ڈالر ذخیرہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی ہے۔

وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری کا اپنی ٹوئٹ میں کہنا تھا کہ وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کو ڈالر ذخیرہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ قیاس آرائیوں پر مبنی کرنسی ٹریڈ کے خلاف بھی کارروائی کی ہدایت کی گئی ہے اور یہ آپریشن اسٹیٹ بینک اور وزارت خزانہ سے مل کر کیا جا رہا ہے۔

قبل ازیں اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ پاکستان میں جمہوریت، معیشت اور اسلام کو کوئی خطرہ نہیں بلکہ پاکستان میں خطرہ صرف چوروں کو ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان کو درپیش مشکلات کے ذمہ دار آصف زرداری اور نواز شریف ہیں کیونکہ یہ اپنے بچوں کے نام پر پراپرٹی رکھتے ہیں۔