نیب کارروائی سے متعلق ہمیں بتانے کا پابند نہیں،شہباز گل

نیب کارروائی سے متعلق ہمیں بتانے کا پابند نہیں،شہباز گل

لاہور:ترجمان پنجاب حکومت ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) ایک آزاد ادارہ ہے اور وہ کارروائی سے متعلق ہمیں بتانے کا پابند نہیں ہے۔

تفصیلات کے مطابق نیب کی ٹیم پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز شریف کو گرفتار کرنے کیلئے آج دوبارہ ان کی رہائش گاہ پر پہنچ چکی ہے۔ ڈاکٹر شہباز گل نے اس حوالے سے جاری بیان میں کہا ہے کہ نیب آزاد ادارہ ہے، وہ کارروائی سے متعلق ہمیں بتانے کا پابند نہیں ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کا رویہ ہمیشہ شرمناک رہا ہے حالانکہ نیب نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے لوگوں کو بھی گرفتار کیا ہے۔خیال رہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب)کی ٹیم اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہبازکی گرفتاری کیلئے 96 ایچ ماڈل ٹاﺅن پہنچ گئی ہے.

نیب کی ٹیم 12 اہلکاروں کےساتھ حمزہ شہباز کی رہائشگاہ پہنچی،اس موقع پر پولیس کی بھاری نفری بھی موجود ہے،نیب نے ٹیم نے حمزہ شہباز کی گرفتاری کیلئے پیغام بھی پہنچا دیانیب کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ہمارے پاس حمزہ شہباز کی گرفتاری کے وارنٹ موجود ہیں اور ان کو گرفتار کئے بغیر نہیں جائیں گے۔

اس سے قبل گزشتہ روز بھی نیب کی ٹیم نے منی لانڈرنگ کیس کے سلسلے میں حمزہ شہبازکو طلب کیا تھا لیکن وہ نیب آفس میں پیش نہیں ہوئے جس پر نیب نے گرفتاری کیلئے ان کی رہائشگاہ پر چھاپہ ماراتو اس دوران حمزہ شہباز کے گارڈز نے نیب اہلکاروں پر تشدد کیا اور ان کے کپڑے پھاڑ دیئے، نیب کی درخواست پر پولیس نے حمزہ شہباز کے ذاتی محافظوں کیخلاف کارسرکار میں مداخلت،توڑپھوڑ سمیت 6 دفعات میں مقدمہ درج کرلیا۔