کیلیفورنیا: معروف ٹیکنالوجی کمپنی میٹا نے اپنا جدید ترین آرٹیفیشل انٹیلی جنس (AI) ماڈل "لاما 4" باضابطہ طور پر متعارف کرا دیا ہے۔ کمپنی کے مطابق، یہ ماڈل چار مختلف ورژنز پر مشتمل ہے، جنہیں صارفین کی مختلف ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کیا گیا ہے۔
میٹا کے بیان کے مطابق، لاما 4 کے یہ چار ورژنز درج ذیل ہیں لاما 4 اسکاؤٹ لاما 4 Maverick لاما 4 Behemoth اور بنیادی لاما 4 ماڈل کمپنی کا کہنا ہے کہ ان تمام ورژنز کو ٹیکسٹ، تصاویر اور ویڈیوز پر مشتمل وسیع ڈیٹا سے تربیت دی گئی ہے، جس سے یہ ماڈلز تصویری اور ویژوئل مواد کو بہتر طور پر سمجھنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
میٹا نے اعلان کیا ہے کہ لاما 4 اسکاؤٹ اور Maverick ورژنز اس وقت تمام صارفین کے لیے lama.com پر دستیاب ہیں، جبکہ Behemoth کی تربیت کا عمل ابھی جاری ہے۔
اس کے علاوہ، میٹا اے آئی اسسٹنٹ کو بھی واٹس ایپ، میسنجر، فیس بک اور انسٹاگرام پر لاما 4 سے اپ ڈیٹ کیا جا رہا ہے۔ فی الحال یہ سہولت صرف امریکا میں دستیاب ہے تاہم دیگر ممالک میں اس کی توسیع جلد کی جائے گی۔
کمپنی کے مطابق، ابتدائی تجربات سے ثابت ہوا ہے کہ لاما 4 Maverick عمومی چیٹ اور تخلیقی تحریر (کریئیٹو رائٹنگ) کے لیے نہایت مؤثر ہے۔
جبکہ لاما 4 اسکاؤٹ دستاویزات کا خلاصہ بنانے اور منطقی تجزیے میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرتا ہے۔
میٹا کا یہ اقدام اے آئی ٹیکنالوجی کے میدان میں ایک اور اہم پیش رفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، جس سے صارفین کو روزمرہ کے ڈیجیٹل کاموں میں مزید سہولت حاصل ہوگی۔