گوگل کروم میں بڑی اپ ڈیٹ، ویڈیوز اور آڈیوز کے لیے لیزی لوڈنگ فیچر متعارف

07:13 PM, 6 Apr, 2026

کیلیفورنیا: گوگل اپنے ویب براؤزر کروم میں ایک اہم اپ ڈیٹ متعارف کرانے جا رہا ہے۔ رپورٹ کے مطابق کروم کا نیا ورژن 148 اپریل کے وسط تک جاری ہونے کا امکان ہے۔

اس نئے ورژن کے بعد روزمرہ کی براؤزنگ پہلے سے زیادہ تیز ہو جائے گی۔ رپورٹ کے مطابق گوگل کروم میں اب ویڈیوز اور آڈیوز کے لیے لیزی لوڈنگ کی سہولت شامل کرنے کی آزمائش کی جا رہی ہے۔

اگر آپ لیزی لوڈنگ کے بارے میں نہیں جانتے، تو یہ فیچر غیر ضروری اور آف اسکرین مواد کو آہستہ آہستہ لوڈ کرتا ہے۔ اس کا مقصد ویب پیج کی لوڈنگ کی رفتار بڑھانا اور بینڈوڈتھ کی بچت کرنا ہے۔

مثال کے طور پر، جب آپ کسی ویب سائٹ پر جاتے ہیں جہاں تصاویر کی تعداد زیادہ ہو، تو عام طور پر پیج کے تمام عناصر ایک ساتھ لوڈ ہوتے ہیں۔ لیزی لوڈنگ کی مدد سے صرف وہ مواد لوڈ ہوتا ہے جو صارف اس وقت دیکھ رہا ہو، اور باقی مواد اس وقت تک لوڈ نہیں ہوتا جب تک آپ اس حصے تک اسکرول نہ کریں۔ اس سے ویب پیج تیزی سے کھلتا ہے اور براؤزنگ کا تجربہ بہتر ہوتا ہے۔

کروم میں یہ فیچر پہلے سے تصاویر کے لیے دستیاب ہے، لیکن اب اسے ویڈیوز اور آڈیوز تک بڑھایا جا رہا ہے۔ رپورٹ کے مطابق یہ اپ ڈیٹ کروم کے ڈیسک ٹاپ، اینڈرائیڈ اور آئی او ایس ورژن میں متعارف کرائی جائے گی۔

مزیدخبریں