اسلام آباد: مارگلہ کی پہاڑیوں سے نکلنے والے نالوں میں طغیانی کے باعث چک شہزاد اور پارک روڈ کے برساتی نالوں میں شدید پانی جمع ہو گیا ہے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کو کئی بار اطلاع دی گئی مگر ابھی تک امدادی ٹیمیں نہیں پہنچیں۔
موسلادھار بارش کے باعث اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور اور سیالکوٹ کے نشیبی علاقے زیرِ آب آنے کا خدشہ ہے۔ اس کے علاوہ دیر، سوات، شانگلہ، مانسہرہ، کوہستان، ایبٹ آباد، مری، گلیات اور کشمیر میں برساتی ندی نالوں میں پانی کی سطح بڑھنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر، مری اور گلیات میں لینڈ سلائیڈنگ اور ٹریفک متاثر ہونے کی وارننگ جاری کی ہے۔
فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن کے مطابق دریائے سندھ کے گڈو اور سکھر بیراج پر نچلے درجے کا سیلاب ہے جبکہ دیگر دریا اپنے ہیڈ ورکس پر معمول کے مطابق بہہ رہے ہیں۔