سوشل میڈیا کے غلط استعمال کی روک تھام کیلئے قومی اسمبلی سے قرارداد منظور

01:28 PM, 6 Aug, 2025

اسلام آباد :قومی اسمبلی نے سوشل میڈیا کے غلط استعمال کو روکنے کے لیے قرارداد کثرتِ رائے سے منظور کر لی۔ قرارداد کے مطابق، وفاقی حکومت صوبائی حکومتوں کے ساتھ مشاورت کر کے سوشل میڈیا کے درست استعمال کے لیے قوانین بنائے گی اور ڈیجیٹل حقوق کی آگاہی کے لیے اقدامات کرے گی۔

وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری نے پاکستان شہریت ترمیمی بل 2025 قومی اسمبلی میں پیش کیا۔ پی ٹی آئی کے رکن شہریار آفریدی نے اعتراض کیا کہ ایوان کو اس بل کے بارے میں وضاحت دی جائے۔ طلال چوہدری نے بتایا کہ یہ بل سینیٹ اور قائمہ کمیٹی سے منظور ہو چکا ہے، اور اس کا مقصد دوہری شہریت سے متعلق قوانین کو آسان بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب اوورسیز پاکستانیوں کو دوسری شہریت حاصل کرنے کے لیے پاکستانی شہریت ترک نہیں کرنی پڑے گی۔

قومی اسمبلی میں موٹر وہیکل انڈسٹری ڈویلپمنٹ بل 2025 بھی پیش کیا گیا، جسے کمیٹی کے حوالے کر دیا گیا۔ وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری نے سوسائٹیز رجسٹریشن ترمیمی بل 2025 پیش کیا، جو منظور کر لیا گیا۔ اسی دوران، رانا تنویر حسین نے نیشنل ایگری ٹریڈ اینڈ فوڈ سیفٹی اتھارٹی آرڈیننس 2025 پیش کیا۔

پیپلز پارٹی کے رکن سید نوید قمر نے اس پر اعتراض کیا کہ پارلیمنٹ کے اجلاس کے دوران مسلسل آرڈیننسز لانا پارلیمنٹ کی حاکمیت کو متاثر کرتا ہے، جس پر رانا تنویر حسین نے کہا کہ آرڈیننس آئین کا حصہ ہیں اور ضروری حالات میں ہی جاری کیے جاتے ہیں۔اسمبلی اجلاس کے دوران تخفیف غربت و سماجی تحفظ ڈویژن سے متعلق سوال پر پارلیمانی سیکرٹری نے بتایا کہ انہیں وزارت کی طرف سے بریفنگ نہیں دی گئی، جس کی وجہ سے وہ سخت پریشان ہیں۔

مزیدخبریں