سب کو اپنی چھت اپنا گھر مبارک، عوام کو اپنے گھروں کے خواب کو حقیقت میں بدلنے کا موقع ملے گا: مریم نواز

03:41 PM, 6 Aug, 2025

لاہور: وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کاکہنا ہے کہ  سب کو اپنی چھت اپنا گھر مبارک ہو۔ انہوں نے تقریب سے خطاب میں کہاکہ  یہ منصوبہ میرے دل کے بہت قریب ہے اور اس کی بدولت پنجاب کے عوام کو اپنے گھروں کے خواب کو حقیقت میں بدلنے کا موقع ملے گا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے اپنی تقریر میں کہا، "سب کو اپنی چھت اور اپنا گھر مبارک ہو! پنجاب حکومت نے ہمیشہ عوام کے مفاد میں نئے منصوبے شروع کیے ہیں اور اس منصوبے کے ذریعے ہم عوام کی زندگیوں میں بہتری لا رہے ہیں۔مریم نواز نے کہا کہ "پچھلے سات ماہ میں 64 ہزار افراد کو اپنے گھروں کی تعمیر کے لیے بلاسود قرض فراہم کیے جاچکے ہیں۔ اس قرضے کی مدد سے لوگ اپنے اپنے گھروں کی تعمیر میں کامیاب ہو رہے ہیں۔

انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ قرض دہندہ افراد کو نو سال کی مدت میں قرض واپس کرنا ہوگا تاکہ ان کے لیے بوجھ نہ بنے۔
وزیراعلیٰ نے اس منصوبے کو پنجاب کے عوام کے لیے ایک اہم قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ "اس منصوبے کے ذریعے نہ صرف لوگوں کو اپنی چھت ملے گی، بلکہ یہ پنجاب کی معاشی ترقی اور خوشحالی کا باعث بنے گا۔"

مریم نواز نے اپنے خطاب میں یہ بھی کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ عوام کو اپنے گھروں کی تعمیر کے لیے آسان قرضے فراہم کیے جائیں تاکہ ہر شہری کو اپنا گھر مل سکے۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے "اپنی چھت، اپنا گھر" منصوبے کے تحت جاری ترقیاتی کاموں کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت پنجاب میں 45 ہزار گھروں کی تعمیر کا کام جاری ہے، اور اسکیم میں ہزاروں درخواستیں موصول ہو چکی ہیں۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ "ہزاروں کالز موصول ہوئیں لیکن سینکڑوں کالز کا میں نے خود جواب دیا۔ یہ اسکیم عوام کی ضروریات کے مطابق ڈیزائن کی گئی ہے تاکہ کم آمدنی والے افراد کو اپنے گھروں کا خواب سچ ہو سکے۔"

انہوں نے مزید کہا کہ "نواز شریف نے بھی اپنے دور حکومت میں لوگوں کو گھروں کی فراہمی کے لیے قدم اٹھائے اور انہیں اپنے گھر دیے۔
وزیراعلیٰ نے اس بات پر زور دیا کہ "ایک شخص جو ماہانہ 35 ہزار کما رہا ہو، وہ اپنا گھر نہیں بنا سکتا۔ اس بات کو سمجھتے ہوئے حکومت نے قرضوں کے حصول کو آسان بنایا تاکہ ہر پاکستانی اپنی چھت کا مالک بن سکے۔مریم نواز نے کہا کہ "دنیا بھر میں 'اپنی چھت، اپنا گھر' جیسے منصوبے کی مثال دی جائے گی۔ اس طرح کے منصوبے میں اتنی تیزی سے کام کرنے کا کوئی اور نظیر نہیں ملتا۔ 7 ماہ کی قلیل مدت میں اتنے گھر کبھی نہیں بنے۔وزیراعلیٰ نے وضاحت کی کہ "یہ الزام بالکل غلط ہے کہ ہم لاہور کو پورے پنجاب کے برابر سمجھتے ہیں۔ پنجاب کے ہر شہر میں قرض فراہم کیے جا رہے ہیں اور یہ اسکیم تمام شہریوں کے لیے ہے۔"
وزیراعلیٰ مریم نواز نے مزید کہا کہ "میرا عزم ہے کہ پانچ سالوں میں پانچ لاکھ سے زائد گھر عوام کو فراہم کیے جائیں گے۔ ہم ہر سال ایک لاکھ پچاس ہزار گھروں کا ٹارگٹ پورا کریں گے۔
مریم نواز نے اس بات پر بھی زور دیا کہ "6 ماہ کے اندر 50 ہزار بلاسود قرض دینا کسی حکومت کے لیے ایک بڑا سنگ میل ہے، اور اس کا سہرا نواز شریف کو جاتا ہے جنہوں نے ہاؤسنگ سکیم میں میرا حوصلہ بڑھایا۔"

انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کا یہ منصوبہ ہر طبقے کے لیے سہولت فراہم کر رہا ہے اور اس کے ذریعے عوام کی زندگیوں میں انقلاب برپا ہو گا۔

مزیدخبریں