اسلام آباد پولیس کی جانب سے آن لائن ٹیکسی ویری فیکیشن ایپ متعارف

07:03 PM, 6 Aug, 2025

اسلام آباد :اسلام آباد پولیس نے آن لائن ٹیکسی سروسز کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے ایک جدید ویری فیکیشن ایپ لانچ کر دی ہے۔ آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی کے مطابق اس ایپ کا مقصد آن لائن ٹیکسی استعمال کرنے والے مسافروں، خصوصاً خواتین، کے تحفظ کو بڑھانا ہے۔

اس ایپ کے ذریعے پولیس اور ٹیکسی سروسز کے درمیان براہ راست رابطہ قائم کیا جائے گا تاکہ غیر تصدیق شدہ یا مشکوک گاڑیوں کی فوری شناخت ممکن ہو سکے۔ ایپ میں ایک ایمرجنسی بٹن بھی شامل کیا گیا ہے جس کے ذریعے شہری کسی غیر محفوظ گاڑی کی فوری اطلاع پولیس کو دے سکتے ہیں۔

مسافر ایپ کے ذریعے ٹیکسی پر موجود کیو آر کوڈ کو اسکین کرکے گاڑی کی تصدیق کر سکتے ہیں۔ اس سے نہ صرف شہریوں کو حفاظت فراہم ہوگی بلکہ پولیس کو بھی ٹیکسیوں کی نقل و حرکت پر بہتر نظر رکھنے میں مدد ملے گی۔

اسلام آباد پولیس کی اس نئی ایپ کو ان کی آفیشل ویب سائٹ سے ڈاؤن لوڈ کیا جا سکتا ہے۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اس ایپ کا استعمال کر کے اپنی اور دوسروں کی حفاظت یقینی بنائیں۔
 

مزیدخبریں