سری لنکا کا دورہ مکمل، پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم وطن واپس پہنچ گئی

09:48 AM, 6 Aug, 2026

لاہور : پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم سری لنکا کے دورے کے اختتام پر دبئی کے راستے وطن واپس پہنچ گئی۔ قومی سکواڈ کے کھلاڑی مختلف پروازوں کے ذریعے کراچی، لاہور اور اسلام آباد پہنچے۔

دورۂ سری لنکا کے دوران قومی ٹیم کو خاطر خواہ کامیابی حاصل نہ ہو سکی، جہاں میزبان ٹیم نے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی دونوں سیریز 2-1 سے اپنے نام کر لیں۔ ون ڈے سیریز آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ کا حصہ تھی، جس میں سری لنکا نے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے برتری حاصل کی۔

ون ڈے سیریز کے اختتام کے بعد قومی کپتان فاطمہ ثنا انگلینڈ روانہ ہو گئیں، جہاں وہ دی ہنڈریڈ لیگ میں شرکت کر رہی ہیں۔ ان کی غیر موجودگی میں ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے ٹیم کی قیادت منیبہ علی صدیقی نے سنبھالی۔

اگرچہ قومی ویمن ٹیم نے بھرپور مقابلہ کیا، تاہم وہ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں بھی میزبان ٹیم کو شکست دینے میں کامیاب نہ ہو سکی اور سری لنکا نے دونوں فارمیٹس کی سیریز اپنے نام کر کے دورے کا اختتام کامیابی کے ساتھ کیا۔

مزیدخبریں