ویسٹ انڈیز کا 26 سالہ خواب ادھورا، پاکستان نے سیریز بچا لی

11:33 AM, 6 Aug, 2026

لاہور : پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز 1-1 کی برابری پر اختتام پذیر ہوگئی، جہاں دوسرے ٹیسٹ میں کامیابی کے ساتھ قومی ٹیم نے طویل عرصے بعد بیرونِ ملک فتح کا ذائقہ چکھ لیا۔

دوسرے ٹیسٹ میں پاکستان کی جیت میں سپنرز کی شاندار بولنگ اور عبداللہ شفیق کی ناقابلِ شکست 160 رنز کی پہلی اننگز جبکہ دوسری اننگز میں 24 رنز ناٹ آؤٹ کی اہم شراکت نے فیصلہ کن کردار ادا کیا۔

یہ کامیابی پاکستان کے لیے گزشتہ تین سال میں بیرونِ ملک مسلسل 8 ٹیسٹ شکستوں کے بعد پہلی فتح ہے۔ اس عرصے کے دوران قومی ٹیم کو آسٹریلیا میں 0-3، جنوبی افریقا میں 0-2 اور بنگلادیش میں 0-2 سے وائٹ واش شکستوں کا سامنا کرنا پڑا تھا، جبکہ ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں بھی پاکستان کو ناکامی ہوئی تھی۔

دوسری جانب ویسٹ انڈیز کی ٹیم پاکستان کے خلاف 26 سال بعد ٹیسٹ سیریز جیتنے کا موقع حاصل کرنے کے باوجود کامیاب نہ ہو سکی۔ کیریبیئن ٹیم نے آخری مرتبہ پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز 2000 میں جیتی تھی۔

سال 2000 کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلی جانے والی 9 ٹیسٹ سیریز میں پاکستان نے 4 مرتبہ کامیابی حاصل کی، جبکہ 5 سیریز برابر رہیں۔ یوں ویسٹ انڈیز کا پاکستان کے خلاف سیریز جیتنے کا انتظار مزید بڑھ گیا۔

مزیدخبریں