ممبئی : نیٹ فلکس کے مقبول ریئلٹی شو ’لاک اپ: سچ یا سزا‘ سیزن 2 کا فاتح سامنے آ گیا، جہاں کانٹینٹ کریئٹر اور ریئلٹی شو سٹار شریا کلرا نے شاندار مقابلے کے بعد ٹرافی اپنے نام کر لی۔
گرینڈ فائنل میں شریا کلرا نے شیوانگی جوشی کو پیچھے چھوڑتے ہوئے کامیابی حاصل کی، جس کے بعد انہیں ٹرافی کے ساتھ ایک کروڑ روپے کی انعامی رقم بھی دی گئی۔ فاتح قرار دیے جانے کے اعلان پر شریا جذباتی ہو گئیں اور ان کی آنکھوں میں خوشی کے آنسو آ گئے۔
شو کے فائنل میں امیدواروں کو مختلف سخت مراحل اور ’اگنی پریکشا‘ چیلنجز سے گزرنا پڑا۔ مقابلے کا آغاز ایک فزیکل ٹاسک سے ہوا، جس میں رام کپور پانچویں پوزیشن پر رہتے ہوئے رئیلٹی شو سے باہر ہو گئے۔
اس کے بعد ’بلف ماسٹر‘ مرحلے میں یوگیش راوت نے اپنی حکمت عملی کا استعمال کرتے ہوئے شیوانگی جوشی، شریا کلرا اور شلپا شندے کے خلاف ’غیر محفوظ‘ سٹیٹس بینڈ حاصل کرنے کی کوشش کی۔ یوگیش شلپا شندے کو بلف کرنے میں کامیاب رہے، جس کے نتیجے میں شلپا کا سفر ختم ہوا اور یوگیش نے ٹاپ تھری میں جگہ بنا لی۔
آخری ’اگنی پریکشا‘ میں تینوں فائنلسٹس نے جیوری کے سامنے اپنی پرفارمنس اور شخصیت کا دفاع کیا۔ جیوری میں معروف شخصیات اور صحافی شامل تھے۔ اس دوران شیوانگی جوشی سے ہرشد چوپڑا کے ساتھ ان کے تعلقات سے متعلق سوالات کیے گئے، جبکہ یوگیش راوت کو ان کے رویے پر تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔
دوسری جانب اویز دربار نے شریا کلرا پر الزام عائد کیا کہ وہ مقابلے کے دوران وفادار دوست ثابت نہیں ہوئیں اور دیگر شرکا سے متعلق راز ظاہر کیے۔ شریا کو گھر میں تنازعات اور بعض شرکا کے ساتھ سخت رویے پر بھی سوالات کا سامنا کرنا پڑا۔
جیوری کے ووٹ کے بعد یوگیش راوت فائنل کی دوڑ سے باہر ہو گئے، جس کے بعد شریا کلرا اور شیوانگی جوشی کے درمیان آخری مقابلہ ہوا۔
فاتح کا فیصلہ جیلرز، سابق شرکا اور ’جنتا کی جیوری‘ کے ووٹس کی بنیاد پر کیا گیا، جس میں شریا کلرا کامیاب قرار پائیں۔ دوسری جانب شیوانگی جوشی نتیجے کے بعد مایوس دکھائی دیں۔
یوں ’لاک اپ: سچ یا سزا‘ سیزن 2 کی ٹرافی شریا کلرا کے نام رہی، جنہوں نے پورے سفر کے دوران اپنی حکمت عملی اور کارکردگی سے شائقین کی توجہ حاصل کی۔