ڈیپ فیک مواد پر مرونل ٹھاکر کی قانونی کارروائی کی وارننگ

01:39 PM, 6 Aug, 2026

ممبئی : بالی ووڈ اداکارہ مرونل ٹھاکر نے مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے ذریعے تیار کی جانے والی جعلی ویڈیوز اور تصاویر پر سخت ردعمل دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ ان کی شناخت کا غیر مجاز استعمال فوری طور پر روکا جائے، بصورت دیگر وہ قانونی کارروائی کا راستہ اختیار کریں گی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ نے حالیہ عرصے میں سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے ڈیپ فیک مواد پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی فرد کی تصویر یا شناخت کو مصنوعی ذہانت کی مدد سے گمراہ کن یا غیر قانونی مقاصد کے لیے استعمال کرنا ہرگز قابل قبول نہیں۔

مرونل ٹھاکر نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کی گئی اسٹوری میں واضح پیغام دیا کہ جو افراد ان کے چہرے، نام یا شناخت کو استعمال کرتے ہوئے اے آئی سے تیار کردہ جعلی ویڈیوز اور تصاویر بنا رہے ہیں یا انہیں مختلف پلیٹ فارمز پر پھیلا رہے ہیں، وہ فوری طور پر یہ عمل بند کریں۔

اداکارہ نے کہا کہ اگر ان کی تنبیہ کے باوجود یہ سرگرمیاں جاری رہیں تو وہ ذمہ دار افراد کے خلاف قانونی چارہ جوئی کرنے سے گریز نہیں کریں گی۔

واضح رہے کہ ڈیپ فیک ٹیکنالوجی کے بڑھتے ہوئے استعمال نے عالمی شوبز انڈسٹری میں نئی تشویش پیدا کر دی ہے۔ متعدد فنکار اپنی شناخت، ساکھ اور نجی زندگی کے تحفظ کے لیے سخت قوانین اور مؤثر ضوابط نافذ کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں، تاکہ مصنوعی ذہانت کے غلط استعمال کی روک تھام ممکن بنائی جا سکے۔

مزیدخبریں