اسلام آباد میں چینی طرز کا لا انفورسمنٹ انوسٹی گیشن سنٹر قائم کرنے کا فیصلہ

11:10 AM, 6 Aug, 2026

اسلام آباد :وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے چین اور ترکیہ میں تربیتی کورس مکمل کرنے والے اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹس آف پولیس (اے ایس پیز) نے ملاقات کی۔ ملاقات میں پولیس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے اور جدید پولیسنگ کے نظام پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے اس موقع پر اعلان کیا کہ غیر ملکی تربیتی پروگرامز کو پولیس افسران کی پیشہ ورانہ تربیت کا مستقل حصہ بنایا جائے گا تاکہ افسران بین الاقوامی معیار کے مطابق جدید مہارتیں حاصل کر سکیں۔

انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد میں چین کی طرز پر لا انفورسمنٹ انوسٹی گیشن سنٹر کے قیام کے لیے پائلٹ پراجیکٹ شروع کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سنٹر کے قیام سے معمولی نوعیت کے جرائم کے مقدمات کی فوری، مؤثر اور شفاف تحقیقات اور بروقت تصفیہ ممکن بنایا جا سکے گا، جس سے انصاف کی فراہمی کے عمل کو مزید تیز اور مؤثر بنانے میں مدد ملے گی۔

محسن نقوی نے تربیتی کورس مکمل کرنے والے پولیس افسران کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ وہ حاصل کردہ تجربات اور مہارتوں کو عوام کی بہتر خدمت اور پولیس نظام میں بہتری کے لیے بروئے کار لائیں گے۔

مزیدخبریں