وزیراعظم شہباز شریف سعودی عرب روانہ، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وفاقی وزراء بھی ہمراہ

03:17 PM, 6 Aug, 2026

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی دعوت پر سعودی عرب کے دورے کے لیے روانہ ہوگئے۔

وزیراعظم کے ہمراہ چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزراء خواجہ محمد آصف، عطاء اللہ تارڑ اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی دورے میں شریک ہیں۔

دورہ سعودی عرب کے دوران وزیراعظم شہباز شریف کی سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود سے ملاقات ہوگی، جس میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات، شراکت داری کے مزید فروغ اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

وزیراعظم اپنے دورے کے دوران عمرہ کی ادائیگی کریں گے جبکہ مدینہ منورہ میں روضۂ رسول ﷺ پر حاضری بھی دیں گے۔

وزیراعظم کا یہ دورہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تاریخی تعلقات، باہمی اعتماد اور بھائی چارے کی عکاسی کرتا ہے۔ دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان تزویراتی تعاون، علاقائی و عالمی امور پر ہم آہنگی اور باہمی روابط کے فروغ پر بات چیت متوقع ہے۔

مزیدخبریں