ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ، پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو پیچھے چھوڑ دیا

03:38 PM, 6 Aug, 2026

دبئی  : پاکستان کرکٹ ٹیم نے ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2025-27 کی پوائنٹس ٹیبل پر اپنی پوزیشن بہتر بنا لی ہے۔

قومی ٹیم نے کوئنز پارک اوول میں کھیلے گئے سیریز کے آخری ٹیسٹ میں ویسٹ انڈیز کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر دو میچز پر مشتمل سیریز 1-1 سے برابر کی۔ اس فتح کے بعد پاکستان پوائنٹس ٹیبل پر آخری پوزیشن سے نکل کر آٹھویں نمبر پر پہنچ گیا ہے، جبکہ اس کا کامیابی کا تناسب 22.22 فیصد ہو گیا ہے۔

دوسری جانب ویسٹ انڈیز کی ٹیم پاکستان سے پیچھے چلی گئی ہے اور 20.83 فیصد کامیابی کے تناسب کے ساتھ ٹیبل پر آخری نمبر پر موجود ہے۔

پاکستان نے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے موجودہ دور کا آغاز شکست سے کیا تھا، تاہم دوسرے ٹیسٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی۔ یہ اس چیمپئن شپ میں گرین شرٹس کی دوسری فتح ہے۔

دلچسپ امر یہ ہے کہ پاکستان نے اپنی پہلی کامیابی موجودہ عالمی ٹیسٹ چیمپئن جنوبی افریقا کے خلاف حاصل کی تھی۔

ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کی تازہ درجہ بندی میں آسٹریلیا 87.50 فیصد کامیابی کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے، جبکہ جنوبی افریقا 75 فیصد کے ساتھ دوسری پوزیشن پر موجود ہے۔ نیوزی لینڈ، بنگلادیش، بھارت، سری لنکا اور انگلینڈ بالترتیب تیسری سے ساتویں پوزیشن پر ہیں۔

مزیدخبریں