لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر فیک نیوز اور جھوٹی معلومات کا پھیلاؤ ایک بڑا مسئلہ ہے، جس کی روک تھام کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔
ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ سوشل میڈیا پر غیر ذمہ دارانہ مواد، گالم گلوچ اور منفی رجحانات میں اضافہ ہوا ہے، جس کے معاشرے پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم بعض یوٹیوبرز ملک کے خلاف پروپیگنڈا کر رہے ہیں، تاہم ذمہ دار صحافت ہمیشہ حقائق کی بنیاد پر عوام تک درست معلومات پہنچانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔
وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ صحافت ایک انتہائی اہم اور ذمہ دارانہ شعبہ ہے، حکومت صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لیے کام جاری رکھے گی۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے طلبا کو اسکالرشپس اور لیپ ٹاپس فراہم کیے گئے ہیں، جبکہ بلوچستان کے طلبا کو بھی سکالرشپ اور لیپ ٹاپ پروگرام میں شامل کیا گیا ہے۔