مس جاپان نے تاج واپس کردیا

مس جاپان نے تاج واپس کردیا

بیجنگ:مس جاپان   کیرولینا شینو نے تاج واپس کردیا۔ مس جاپان  کیرولینا شینو  کے تاج واپس کرنے کی وجہ معاشقے کا منظر عام پر آنا ہے۔ شادی شدہ شخص سے معاشقہ سامنے آنے کے بعد مس جاپان کا ٹائٹل جیتنے والی یوکرینی نژاد جاپانی دوشیزہ 22 سالہ کیرولینا شینو نے مس جاپان کا تاج واپس کردیا۔کیرولینا شینو گزشتہ ماہ 22 جنوری کو مس جاپان منتخب ہوئی تھیں اور ان کے انتخاب پر کئی مقامی افراد نے اظہار برہمی بھی کیا تھا اور کہا تھا کہ مذکورہ دوشیزہ جاپانی نسل کی نہیں۔

مس جاپان کا ٹائٹل جیتنے کے بعد اپنی تقریر میں کیرولینا شینو نے بھی اس بات پر اظہار افسوس کیا تھا کہ انہیں آج تک جاپانی تسلیم نہیں کیا گیا لیکن اب انہیں ٹائٹل دے کر انہیں جاپانی تسلیم کرلیا گیا۔


کیرولینا شینو کی پیدائش یوکرین میں ہوئی تھی، تاہم جب وہ 5 سال کی تھیں، تب وہ والدہ کے ہمراہ جاپان منتقل ہوئی تھیں اور ان کی والدہ نے یہاں دوسری شادی کرلی تھی، جس کے بعد کیرولینا نے اپنے سوتیلے والد کا جاپانی نام اپنے نام کے ساتھ لگایا تھا۔ان کے مس جاپان منتخب ہونے کے فوری بعد ہی تنازع شروع ہوگیا تھا۔


تاہم معاشقے کے دعوے سامنے آنے کے بعد کیرولینا شینو نے دعوؤں کو مسترد کیا تھا اور دعویٰ کیا تھا کہ وہ مذکورہ شخص کو نہیں جانتیں لیکن بعد ازاں جاپان کے معروف جریدے نے ان کے معاشقے کی مکمل تفصیلات شائع کیں، جس پر انہوں نے تاج واپس کردیا۔
کیرولینا شینو نے تسلیم کیا کہ وہ ایک شادی شدہ اور بچوں کے والد کے ساتھ معاشقے میں رہیں اور انہوں نے اپنے معاشقے کو خفیہ رکھا اور ساتھ ہی انہوں نے مداحوں سے معافی بھی مانگی۔ 

مصنف کے بارے میں