میسوری : امریکا کی ریاست میسوری میں ایک دل کو چھو لینے والا منظر اس وقت دیکھنے کو ملا جب تقریباً 11 ماہ سے لاپتہ بلی، مائیکرو چِپ کی مدد سے اپنے مالک سے دوبارہ مل گئی۔ ری مور اینیمل کنٹرول کے حکام نے بتایا کہ ایک شہری نے ایک آوارہ بلی کو تحویل میں لیا، جس کے بعد جب اہلکاروں نے بلی کی مائیکرو چِپ سکین کی، تو پتا چلا کہ اس کا نام ہیریئٹ ہے اور یہ تقریباً ایک سال سے لاپتہ تھی۔
ری مور اینیمل کنٹرول نے سوشل میڈیا پر اس واقعے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ "یہ ہے ہیریئٹ، جو 11 ماہ سے لاپتہ تھی۔ چونکہ اس کی مائیکرو چِپ کی معلومات اپ ڈیٹ تھیں، ہم اس کے مالک سے رابطہ کرنے میں کامیاب ہو گئے اور اسے اس کے گھر واپس پہنچا دیا۔"
حکام نے اس کہانی کو پالتو جانوروں کے مالکان کے لیے ایک اہم پیغام قرار دیا، جس میں مائیکرو چِپ لگوانے اور رابطہ معلومات کو درست رکھنے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔ ایک چھوٹی سی مائیکرو چِپ کسی پالتو جانور کو طویل عرصے بعد بھی اپنے گھر واپس لانے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔