وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا بسنت فیسٹیول کے موقع پر شہریوں کے نام پیغام

10:38 AM, 6 Feb, 2026

لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ بسنت پنجاب کا ثقافتی ورثہ ہے اور ہمیں اپنی ثقافت پر فخر ہے۔ انہوں نے لاہور کے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ زندہ دلانِ لاہور کی طرح خوشیاں ذمہ داری سے منائیں اور اپنے شہری ہونے کا فرض نبھائیں۔ مریم نواز نے کہا کہ شہری حفاظتی اقدامات پر عملدرآمد کریں تاکہ بسنت کا جشن خوشی اور تحفظ کے ساتھ منایا جا سکے۔

مریم نواز نے ایک اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ بسنت کی خوشیوں کو دل بھر کے منائیں، ہم آپ کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ لاہور میں آج پتنگیں نہیں، بلکہ خوشیاں اڑ رہی ہیں، اور ہر لمحے کو اپنے ارد گرد کے لوگوں کے ساتھ بانٹنا چاہیے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے عوام کی سہولت کے لیے مفت ٹرانسپورٹ فراہم کرنے کا اعلان کیا، اور کہا کہ بسنت کے دوران بائیک کی بجائے ہر روٹ پر عوام کے لیے 419 بسیں چلائی جائیں گی۔ اس کے علاوہ، 60 ہزار سے زائد فری رائیڈز بھی عوام کو فراہم کی جائیں گی، اورنج لائن ٹرین میں 25 سیٹیں مفت سفر کے لیے مخصوص کی جائیں گی۔ میٹروبس، فیڈر بسیں، اور گرین بسیں بھی فری سفر کی سہولت فراہم کریں گی۔ اس کے علاوہ، 6 ہزار Yango رکشوں پر بھی فری رائیڈز ہوں گے۔

مریم نواز شریف نے شہریوں کو حفاظتی اقدامات کی سختی سے پیروی کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ پتنگیں اور ڈور صرف مقررہ سائز اور سٹینڈرڈ کے مطابق استعمال کی جائیں، کیونکہ ممنوعہ ڈور کے استعمال پر بھاری جرمانے اور قید کی سزا ہو سکتی ہے۔ پتنگ بازی کے لیے دھاتی تار، تندی، بلٹ بروف مٹیریل اور چرخی کا استعمال غیر قانونی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ لاہور کے سول ایوی ایشن ایریاز میں پتنگ بازی کی اجازت نہیں دی جائے گی، اور بائیک یا موٹرسائیکل رکشے پر سیفٹی راڈ کا استعمال ضروری ہوگا۔ مریم نواز نے دکانداروں سے اپیل کی کہ وہ عوام بالخصوص بچوں کی خوشیوں کی راہ میں رکاوٹ نہ بنیں اور پتنگیں اور ڈور مہنگے داموں نہ بیچیں۔

وزیراعلیٰ نے اس بات کی بھی وضاحت کی کہ بسنت کے دوران عوام کی حفاظت کے لیے ہر ممکن اقدام کیا گیا ہے۔ ہر تحصیل میں 15 محکموں پر مشتمل کوئیک رسپانس یونٹس قائم کیے گئے ہیں اور تھرمل ڈرون کے ذریعے نگرانی کی جائے گی۔ پولیس، ٹریفک وارڈن، انتظامیہ اور دیگر ادارے عوام کی مدد کے لیے موجود ہوں گے، اور شہریوں سے بھرپور تعاون کی درخواست کی گئی ہے۔

مزیدخبریں