سانگھڑ: سندھ کے ضلع سانگھڑ کے شہر ٹنڈو آدم میں مال گاڑی پٹری سے اتر گئی ہے جس کے باعث ریلوے کا سفری نظام متاثر ہو گیا، تاہم ڈی ریل ہونیوالی بوگیوں کو ہٹانے کیلئے کرین پہنچ گئی ہے اور عملہ کام میں مصروف ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی سے پنجاب جانے والی مال گاڑی کی پانچ بوگیاں ٹنڈو آدم میں رات گئے پٹری سے اتر گئیں۔حادثے کے بعد کراچی سے آنے والی تمام ٹرینوں کو مختلف ریلوے اسٹیشنوں پر روک دیا گیا ہے۔جس کے باعث اپ ٹرینوں کی آمدورفت بھی متاثر ہو گئی۔
گزشتہ رات امدادی کارروائی کے دوران عملے اور مقامی لوگوں کو بجلی کی لوڈشیڈنگ کے باعث اندھیرے کی وجہ سے امدادی کاموں میں رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑا۔اب ریلوے انتظامیہ کی جانب سے ڈی ریل ہونیوالی بوگیوں کو جلد از جلد ہٹانے اور ٹریک بحال کرنے کیلئے عملہ اور کرین پہنچ گئی ہے جو کام میں مصروف ہے ۔