پاکستان میں گھریلو صارفین کے لیے گیس کی فراہمی میں بہتری

09:39 PM, 6 Jan, 2026

اسلام آباد : حکومت گیس کے شعبے میں گردشی قرضوں کے اضافے کو روکنے میں کامیاب ہوگئی ہے، وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے اس بات کی تصدیق کی ہے۔

ایک بریفنگ کے دوران علی پرویز ملک نے کہا کہ گیس سیکٹر میں گردشی قرضے کا اضافہ رک گیا ہے اور اب کوئی نیا قرض پیدا نہیں ہو رہا۔ انہوں نے بتایا کہ قطر سے اضافی ایل این جی کارگو عالمی مارکیٹ میں منتقل کرنے کا کامیاب معاہدہ کیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں اصلاحات کے باعث تمام صارفین کے لیے گیس کی قیمتیں مستحکم رہیں گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم کی ہدایات کے مطابق عوام کو موسم سرما میں زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جا رہا ہے۔ ملک بھر میں گھریلو صارفین کو گیس کی فراہمی بہترین طریقے سے جاری ہے اور کوئی بھی مقامی گیس فیلڈ بند نہیں کی گئی۔ علاوہ ازیں، بجلی گھروں کو ان کی ضروریات سے زیادہ گیس فراہم کی جا رہی ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایس این جی پی ایل میں یو ایف جی (غیر متوازن گیس) کے نقصانات 9 فیصد سے کم ہو کر 5 فیصد تک پہنچ گئے ہیں، جبکہ ایس ایس جی سی میں یہ نقصانات 17 فیصد سے کم ہو کر 10 فیصد ہوگئے ہیں۔ اس کے علاوہ، گیس نیٹ ورک پر آئی او ٹی مانیٹرنگ سسٹم فعال کر دیا گیا ہے، جس کے ذریعے سوئی کمپنیاں پریشر ڈراپ پر فوراً الرٹ ہو جاتی ہیں۔

سوئی کمپنیوں کے مطابق گیس کی فراہمی کے اوقات کو صبح 5 بجے سے رات 10 بجے تک بڑھا دیا گیا ہے تاکہ صارفین کو بہتر سہولت فراہم کی جا سکے۔

مزیدخبریں