کیپرٹینو: ایپل کی جانب سے آئی فون 17 پرو میکس میں ایک ایسی بڑی تبدیلی متعارف کرائی جا رہی ہے جو اب تک کسی بھی آئی فون ماڈل میں دیکھنے کو نہیں ملی۔
نئی لیک کے مطابق، آئی فون 17 پرو میکس میں 5000 ایم اے ایچ کی بیٹری شامل کی جا رہی ہے، جو ایپل کی تاریخ میں پہلی بار کسی آئی فون میں اتنی بڑی بیٹری ہوگی۔ اس سے قبل آئی فون 16 پرو میکس میں 4685 ایم اے ایچ کی بیٹری فراہم کی گئی تھی۔
یہ بیٹری اس فون کو نہ صرف ایپل کا سب سے طویل بیٹری لائف والا فون بنائے گی بلکہ پہلی بار کسی آئی فون کی بیٹری، اینڈرائیڈ فونز کی سطح تک پہنچے گی، جہاں اکثر فونز میں 5000 ایم اے ایچ یا اس سے زیادہ بیٹری استعمال ہوتی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ بڑی بیٹری کے ساتھ ساتھ ایپل کے پاور سیونگ فیچرز کے ذریعے صارفین کو بہتر اور دیرپا کارکردگی ملے گی۔
دریں اثنا، آئی فون 17 ایئر کے حوالے سے بھی دلچسپ معلومات سامنے آئی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق یہ ایپل کا سب سے پتلا آئی فون ہوگا جس کی موٹائی صرف 5.5 ملی میٹر ہوگی، جبکہ اس میں صرف ایک ریئر کیمرا ہوگا۔
مزید یہ کہ یہ فون ممکنہ طور پر ایپل کا پہلا پورٹ فری اسمارٹ فون ہوگا، یعنی اس میں چارجر یا کسی بھی قسم کا فزیکل کنیکٹر پورٹ موجود نہیں ہوگا۔ اگر یہ افواہیں درست ثابت ہوئیں، تو یہ دنیا کا پہلا ایسا اسمارٹ فون ہوگا جس میں کوئی پورٹ شامل نہیں ہوگی۔
آئی فون 17 سیریز کو رواں سال ستمبر میں متعارف کرائے جانے کا امکان ہے، جبکہ آئی فون 17 ایئر کی قیمت تقریباً 900 امریکی ڈالر رکھی جائے گی۔