لاہور :بارش برسانے والا نیا موسمی سسٹم ملک میں داخل ہو گیا ہے، جس کے پیشِ نظر آج سے 10 جولائی تک مختلف علاقوں میں بارشوں اور دریاؤں میں پانی کے بہاؤ سے متعلق الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
پنجاب کے مختلف شہروں، جن میں ڈسکہ، نارووال، وزیرآباد اور سمبڑیال شامل ہیں، بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ لاہور کے مختلف علاقوں میں بھی ہلکی بارش ہوئی۔ ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے موسم خوشگوار ہو گیا اور گرمی کی شدت میں واضح کمی دیکھنے میں آئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند روز کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں مزید بارشوں کا امکان ہے، جبکہ نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ اور دریاؤں و ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کے خدشے کے پیشِ نظر متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ شہریوں سے بھی موسم کی صورتحال کے پیشِ نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔