لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ بھارت میں بی جے پی کی حکومت یہ سمجھتی ہے کہ وہ سندھ طاس معاہدے اور پانی کی تقسیم سے متعلق بین الاقوامی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی کر سکتی ہے، مگر یہ اس کی سنگین غلط فہمی ہے۔
اپنے بیان میں عظمیٰ بخاری نے کہا کہ بھارتی حکومت یہ بھی سمجھتی ہے کہ اس کی کوئی باز پرس نہیں کر سکتا، تاہم وزیراعظم نریندر مودی اور ان کے حامیوں کی یہ سوچ درست نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ماضی میں بھی بھارت کی کئی غلط فہمیاں دور کر چکا ہے۔
وزیر اطلاعات پنجاب کا کہنا تھا کہ دریائے سندھ پاکستان کی زراعت، معاشی ترقی اور بقا کی بنیاد ہے، اس لیے اس پر کسی بھی قسم کا حملہ یا چیلنج پاکستان کی سالمیت کو چیلنج کرنے کے مترادف ہوگا۔
عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ پاکستان اپنے آبی حقوق اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا اور سندھ طاس معاہدے یا ملک کے پانی کے حقوق پر کسی قسم کی جارحیت یا خلاف ورزی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی