چولپان اتا / کرغیزستان: صدرِ مملکت آصف علی زرداری کرغیز جمہوریہ کے سرکاری دورے پر اسیک کول بین الاقوامی ہوائی اڈے پہنچ گئے، جہاں کرغیز صدر سادیر ژاپاروف نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
نمائندہ نیونیوزاسلام آباد جاوید نور کے مطابق صدر مملکت کو ایئرپورٹ پر آمد کے موقع پر گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، جس کے بعد دونوں رہنماؤں نے خیرسگالی ملاقات کی۔
یہ دورہ 1995 میں سابق وزیرِاعظم محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کے تاریخی دورۂ کرغیزستان کے بعد پاکستان کے کسی بھی صدر کا پہلا دورہ ہے، جسے دوطرفہ تعلقات میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
دورے کے دوران صدر آصف علی زرداری اور کرغیز صدر سادیر ژاپاروف دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیں گے، جن میں تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، معدنیات، زراعت، تعلیم، صحت، سیاحت، ڈیجیٹل معیشت اور عوامی روابط شامل ہیں۔مذاکرات میں دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور علاقائی رابطوں کے فروغ پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
یہ دورہ پاکستان اور کرغیزستان کے درمیان اعلیٰ سطحی روابط کے تسلسل اور تعاون کے نئے مواقع کھولنے کی کوششوں کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری کا کرغیزستان کا تاریخی دورہ،ا سیک کول ایئرپورٹ پر شاندار استقبال
08:11 PM, 6 Jul, 2026