پرویز مشرف نے عید الفطر کے بعد پاکستان واپسی کا فیصلہ کر لیا

پرویز مشرف نے عید الفطر کے بعد پاکستان واپسی کا فیصلہ کر لیا
کیپشن: فوٹو بشکریہ فیس بک

 اسلام آباد: آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف نے عید الفطر کے بعد پاکستان واپسی کا فیصلہ کر لیا ہے، حتمی تاریخ کا اعلان نااہلی کے خلاف اپیل میں سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد ہو گا۔

ڈاکٹر محمد امجد نے پریس کانفرنس کے دوران صحافیوں کو بتایا کہ یکم جون کو دبئی میں پرویز مشرف کی سربراہی میں پارٹی کی کور کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ آل پاکستان مسلم لیگ ملک بھر سے انتخابات میں حصہ لے گی اور اہلیت کی بنیاد پر ٹکٹیں دی جائیں گی۔ سید پرویز مشرف الیکشن 2018ء میں قومی اسمبلی کے چار حلقوں چترال، جھنگ ، گوادر اور کراچی سے الیکشن لڑیں گے۔ الائنس کا کوئی انتخابی نشان نہیں تھا اس لئے یہ طے پایا ہے کہ آل پاکستان مسلم لیگ اتحادی جماعتوں کے ساتھ جہاں ضروری ہوا وہاں سیٹ ایڈجسٹمنٹ کرے گی ، تمام اتحادی جماعتیں اپنے اپنے انتخابی نشان کے تحت الیکشن میں حصہ لیں گی۔

انہوں نے کہا کہ جمعرات کو سپریم کورٹ پرویز مشرف کی جانب سے تاحیات نااہلی کے خلاف اپیل کا فیصلہ سنائے گی ، 3 نومبر کو ایمرجنسی کے نفاذ کی بنیاد پر پرویز مشرف کو تاحیات نااہل قرار دیا گیا تھا جبکہ اس مقدمہ کا ابھی فیصلہ نہیں آیا ، توقع ہے سپریم کورٹ ہمارے ساتھ انصاف کرے گی۔ ڈاکٹر محمد امجد نے بتایا کہ پرویز مشرف عید کے فوراً بعد پاکستان آئیں گے اور اسلام آباد میں اتریں گے تاہم حتمی تاریخ کا اعلان سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اگر سپریم کورٹ سے نااہلی کیس کا فیصلہ ہمارے خلاف آیا تب بھی پرویز مشرف پاکستان آئیں گے اور انتخابات میں پارٹی کی قیادت کریں گے۔ سپریم کورٹ کا انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں سے حلف نامہ لینے کا فیصلہ احسن اقدام ہے ، تمام امیدواروں کو 62 اور63 کے معیار پر پورا اترنا چاہیے، پاکستان تحریک انصاف سے آئندہ انتخابات کے حوالے سے کوئی رابطہ نہیں ہوا۔

یہ خبر بھی پڑھیں: عید الفطر کے موقع پر سعودی عرب میں 10 تعطیلات
  

ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر محمد امجد نے کہا کہ آل پاکستان مسلم لیگ سیاسی عمل کے ذریعے سسٹم کا حصہ بننا چاہتی ہے، غیر سیاسی عمل پر ہمیں یقین نہیں، پرویز مشرف کو آئندہ ملک کا صدر بنانے کی ڈیل کی باتیں درست نہیں ہیں۔

پریس کانفرنس سے ڈاکٹر فقیر حسین بخاری نے بھی خطاب کیا اور انتخابی تیاریوں اور امیدواروں کے حوالے سے میڈیا کو تفصیلات سے آگاہ کیا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں