کراچی:شہر قائد میں آباد بوہرہ برادری آج مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ عید الاضحیٰ منا رہی ہے۔ مختلف علاقوں میں عید کے اجتماعات اور قربانی کا سلسلہ جاری ہے۔
کراچی کے صدر، حیدری، بلوچ کالونی اور برنس روڈ سمیت دیگر علاقوں میں قائم بوہرہ مساجد میں نماز عید کے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے، جن میں بڑی تعداد میں مرد، خواتین اور بچوں نے شرکت کی۔ نماز کے بعد علمائے کرام نے خطبہ عید میں حضرت ابراہیم علیہ السلام کی قربانی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے، قربانی کی روح اور اس کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
نماز کے فوراً بعد قربانی کا سلسلہ شروع کر دیا گیا۔ اس موقع پر شہر میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ صفائی ستھرائی کے لیے بھی متعلقہ ادارے متحرک نظر آئے۔
واضح رہے کہ بوہرہ برادری اسلامی قمری کیلنڈر کے حساب سے دیگر مسلمانوں سے ایک دن قبل عید الاضحیٰ مناتی ہے۔ اسی روایت کے تحت انہوں نے آج سنتِ ابراہیمی پر عمل کرتے ہوئے عید کا دن منایا۔