عید کی چھٹیوں میں شدید گرمی کی لہر متوقع ، شہریوں کو احتیاط کی ہدایت

11:31 AM, 6 Jun, 2025

اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ عید الاضحیٰ کی تعطیلات کے دوران ملک بھر میں شدید گرمی کی لہر متوقع ہے، جو 7 جون سے 12 جون تک جاری رہ سکتی ہے۔

موسمیاتی حکام کے مطابق، اس دوران بالائی پنجاب، اسلام آباد اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے 5 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے۔ جبکہ سندھ، جنوبی پنجاب اور بلوچستان میں گرمی کی شدت 4 سے 6 ڈگری زیادہ ہو سکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 7 جون سے ملک پر ہوا کے زیادہ دباؤ کا اثر پڑے گا، جس سے گرمی کی شدت میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔

ادھر پی ڈی ایم اے (پراونشل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی) نے بھی صورتحال پر نظر رکھتے ہوئے کہا ہے کہ گرمی کی لہر سے بالائی علاقوں میں برف پگھلنے کی رفتار بڑھ سکتی ہے، جو ممکنہ طور پر سیلابی صورتحال کا باعث بن سکتی ہے۔

عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں، پانی کا استعمال زیادہ کریں اور گرمی سے بچاؤ کے اقدامات اپنائیں۔

مزیدخبریں