امرتسر: 6 جون 2025: گولڈن ٹیمپل پر بھارتی فوج کے آپریشن بلیو سٹار کو 41 سال مکمل ہو گئے ہیں، جسے سکھ برادری آج بھی اپنے لیے ایک گہرے درد اور تاریخی زخم کے طور پر یاد کرتی ہے۔ ہر سال جون میں سکھ برادری اس دن کو خراجِ عقیدت پیش کرنے اور جاں بحق ہونے والوں کی یاد تازہ کرنے کے لیے مناتی ہے۔
جون 1984 میں، بھارتی فوج نے امرتسر میں واقع سکھوں کے مقدس گولڈن ٹیمپل پر حملہ کیا، جس کا مقصد خالصتان تحریک کے رہنماؤں کو نشانہ بنانا تھا۔ اس آپریشن میں ہزاروں سکھ یاتری مارے گئے، جن میں سانت جرنیل سنگھ بھنڈرانوالے، جنرل شبھگ سنگھ، امریک سنگھ اور مہنگا سنگھ ببر شامل ہیں۔ 13 سالہ سربجیت سنگھ دادھر سمیت کم عمر افراد بھی اس جانی نقصان کا شکار ہوئے۔
سکھ تنظیموں کے مطابق، آپریشن میں 5000 سے زائد بے گناہ افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ گولڈن ٹیمپل پر فوجی حملے نے سکھوں کی مذہبی اور ثقافتی شناخت پر گہرا اثر ڈالا، جس کے اثرات آج تک محسوس کیے جاتے ہیں۔
سکھ برادری اس دن کو صرف ایک یادگار نہیں بلکہ ایک تاریخی باب سمجھتی ہے جسے فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ ہر سال جون میں آپریشن بلیو سٹار میں مارے گئے شہداء کو یاد کیا جاتا ہے اور حق و انصاف کی جدوجہد کو جاری رکھنے کا پیغام دیا جاتا ہے۔