مکہ مکرمہ: وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے عمرے کی سعادت حاصل کرلی۔ وفد کے ہمراہ خصوصی طور پر خانہ کعبہ کا دروازہ کھولا گیا، جہاں نوافل ادا کیے گئے۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم، آرمی چیف اور وفد نے پاکستان کی سلامتی، ترقی اور عوامی فلاح کے لیے دعا کی۔ انہوں نے آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا۔
وفد میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر داخلہ محسن نقوی، اور وزیراطلاعات عطا اللہ تارڑ بھی شامل تھے۔ اس موقع پر کشمیری اور فلسطینی عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کی اور خصوصی دعائیں کی گئیں۔
یاد رہے کہ وزیراعظم سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات میں تجارت، سرمایہ کاری اور امت مسلمہ کو درپیش چیلنجز پر تبادلہ خیال کریں گے۔