لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے اور مہنگائی کے خلاف سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے حکومت کو ملک گیر احتجاج کی وارننگ دے دی ہے۔ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حکومت اپنی نالائقی، نااہلی اور کرپشن کو چھپانے کے لیے قیمتوں میں اضافہ کرتی ہے اور ایسا لگتا ہے جیسے حکومت نے ہر جمعہ کو ایک نیا بجٹ پیش کرنے کا معمول بنا لیا ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے پٹرولیم مصنوعات پر عائد ٹیکسز کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پٹرولیم لیوی کے ذریعے غریب عوام کی جیبوں پر ڈاکا ڈالا جا رہا ہے اور آج بھی عوام سے 105 روپے صرف لیوی کی مد میں بٹورے جا رہے ہیں، جو ہر طبقہ فکر کے لوگوں پر سراسر ظلم ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت پٹرولیم لیوی کو فوری طور پر ختم کرے، بصورتِ دیگر جماعت اسلامی عوام کو ساتھ لے کر سڑکوں پر نکلے گی اور بھرپور احتجاج کرے گی۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کے دوران امیر جماعت اسلامی نے عالمی صورتحال اور فلسطین کے معاملے پر بھی بات کی۔ انہوں نے اسرائیلی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل عالمی قوانین کی دھجیاں اڑاتے ہوئے آج بھی معصوم بچوں اور بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنا رہا ہے اور ان کا بے دردی سے خون بہا رہا ہے۔