آزاد کشمیر: ہڑتال کی کال ناکام، معمولاتِ زندگی بحال؛ حالات کشیدہ ہونے پر ایمرجنسی کا امکان

07:52 PM, 6 Jun, 2026

مظفرآباد : آزاد جموں و کشمیر میں جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی جانب سے دی گئی احتجاج اور ہڑتال کی کال کو شہریوں نے مسترد کر دیا ہے، جس کے بعد ریاست بھر میں معمولاتِ زندگی مکمل طور پر بحال ہیں۔ دارالحکومت مظفرآباد اور راولا کوٹ سمیت تمام چھوٹے بڑے شہروں میں بازار، تجارتی مراکز اور پبلک ٹرانسپورٹ معمول کے مطابق رواں دواں ہے اور عوام اپنے روزمرہ کے کاموں میں مصروف دکھائی دے رہے ہیں۔ انتظامیہ کے مطابق امن و امان کی صورتحال مکمل طور پر تسلی بخش ہے۔

دوسری جانب وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے سخت موقف اپناتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ریاست نے جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی سے سختی سے نمٹنے کا فیصلہ کر لیا ہے اور کسی کو بھی ریاستی رٹ کو چیلنج کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ریاست میں قانون کی بالادستی قائم رکھنے کے لیے آزاد کشمیر پولیس نے شرپسند عناصر کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق امن خراب کرنے اور قانون ہاتھ میں لینے کے الزام میں اب تک 72 افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے، جن کے قبضے سے اسلحہ اور دیگر سامان بھی برآمد ہوا ہے۔ سیکیورٹی کو مزید فول پروف بنانے اور سیکیورٹی فورسز کی مدد کے لیے اسلام آباد پولیس کے تقریباً 1500 اہلکار بھی خصوصی ڈیوٹی پر آزاد کشمیر پہنچ چکے ہیں، جو امن و امان برقرار رکھنے کے لیے فرائض سرانجام دیں گے۔

مزیدخبریں