سارو گنگولی نے عمران خان کی تصویر ہٹانے سے انکار کر دیا

سارو گنگولی نے عمران خان کی تصویر ہٹانے سے انکار کر دیا
کیپشن: پلوامہ حملے کے بعد بھارتی شدت پسند تنظیموں نے کرکٹ کو بھی انتہا پسندی کی بھینٹ چڑھا دیا۔۔۔۔۔فائل فوٹو

کولکتہ: بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور بنگال کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر سارو گنگولی نے ایڈن گارڈن کرکٹ سٹیڈیم میں آویزاں عمران خان کی تصویر ہٹانے سے انکار کردیا ہے۔

کلکتہ کے ایڈن گارڈن سٹیڈیم میں بحیثیت کرکٹر عمران خان، وسیم اکرم اور رمیز راجہ کی تصویریں لگائی گئی ہیں۔ پاک بھارت کشیدگی کے بعد حکمران جماعت بھارتی جنتا پارٹی (بی جے پی) کے شدت پسند رہنماﺅں نے صرف عمران خان کی تصویر اتارنے کا مطالبہ کیا تھا۔

پلوامہ حملے کے بعد بھارتی شدت پسند تنظیموں نے کرکٹ کو بھی انتہا پسندی کی بھینٹ چڑھا دیا جس کے بعد عمران خان سمیت دیگر کرکٹرز کی تصاویر بھی سٹیڈیم سے ہٹا دی گئی ہیں۔ کرکٹ کلب آف انڈیا نے بھی دباﺅ میں لیجنڈری کرکٹر عمران خان کی تصویر ہٹا دی ہے۔

ممبئی میں بھارتی کرکٹ کلب سمیت دیگر کلبوں سے بھی عمران خان کی تصاویر اتار دی گئی ہیں لیکن سارو گنگولی نے تصویر اتارنے سے انکار کر دیا۔ یاد رہے کہ پلوامہ حملے کے بعد بھارت نے پاکستان سپر لیگ کے مقابلے دکھانے پر بھی پابندی لگا دی ہے۔

حکومتی دباﺅ پر براڈ کاسٹر کو پی ایس ایل کا بلیک آﺅٹ کرنا پڑا۔ بھارت نے پاکستانی نشانہ بازوں کو اولمپکس ایونٹ کے نشانہ بازی کے مقابلوں میں شریت کیلئے ویزا دینے سے بھی انکار کر دیا تھا۔