سینیٹ کا اجلاس آج صبح ساڑھے 11 بجے، 14 نکاتی ایجنڈا جاری

12:54 AM, 6 Mar, 2025

اسلام آباد: سینیٹ کا اجلاس آج صبح 11 بج کر 30 منٹ پر ہوگا، جس کا 14 نکاتی ایجنڈا جاری کردیا گیا ہے۔ اجلاس میں اہم قانون سازی اور مختلف قومی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق اجلاس میں حکومت کی جانب سے تین بلز منظوری کے لیے پیش کیے جائیں گے، جن میں آرٹیکل 106 میں ترمیم سے متعلق آئینی ترمیمی بل 2024 شامل ہے، جس پر رپورٹ بھی پیش کی جائے گی۔

بلوچستان کے زرعی ٹیوب ویلز کی سولرائزیشن اور ملک میں ٹیکسٹائل برآمدات میں کمی پر سینیٹ میں قائمہ کمیٹی کی رپورٹس بھی پیش کی جائیں گی۔

اس کے علاوہ اسپیشل ٹیکنالوجی زونز اتھارٹی ترمیمی بل 2025، سول کورٹس ترمیمی بل 2025 اور پاکستان کوسٹ گارڈز ترمیمی بل 2025 بھی منظوری کے لیے ایوان میں پیش کیے جائیں گے۔

اجلاس میں ملک میں ایچ آئی وی کیسز میں اضافے پر توجہ دلاؤ نوٹس اور بلوچستان میں مسافروں کے قتل کے واقعے پر بھی غور کیا جائے گا۔
 

مزیدخبریں