کیلیفورنیا: واٹس ایپ جلد ایک آپشنل سبسکرپشن پلان متعارف کرانے والا ہے جسے "واٹس ایپ پلس" کہا جائے گا۔ رپورٹ کے مطابق اس پلان کے تحت صارفین کو اضافی فیچرز دستیاب ہوں گے، جبکہ واٹس ایپ کے مفت استعمال کنندگان ان فیچرز تک رسائی نہیں حاصل کر سکیں گے۔
واٹس ایپ پلس میں نئے فیچرز میں متعدد چیٹس منیجمنٹ ٹولز، ایپ کسٹمائزیشن، چیٹ پننگ میں اضافہ، 14 مختلف ایپ آئیکنز، 19 کلر آپشنز اور دیگر کئی اضافی فیچرز شامل ہوں گے۔ مثال کے طور پر، فی الحال صارفین صرف 3 چیٹس پن کر سکتے ہیں، مگر واٹس ایپ پلس میں یہ حد بڑھ کر 20 ہو جائے گی۔
یہ فیچرز اینڈرائیڈ اور آئی او ایس دونوں پر دستیاب ہوں گے اور وقت کے ساتھ مزید اضافہ کیا جا سکتا ہے۔
البتہ، واٹس ایپ کے بنیادی فیچرز جیسے میسجنگ، وائس اور ویڈیو کالز، میڈیا شیئرنگ اور پرائیویسی سیٹنگز بدستور مفت دستیاب رہیں گے۔
اب تک واٹس ایپ نے واٹس ایپ پلس کی سبسکرپشن فیس یا لانچ کی تاریخ کے بارے میں کوئی اعلان نہیں کیا ہے۔