عالمی جنگی صورتحال کا ملکی معیشت پر وار: پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں یکمشت 55 روپے کا اضافہ

11:32 PM, 6 Mar, 2026

اسلام آباد : وفاقی حکومت نے عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں اچانک اور غیر معمولی اضافے کے بعد پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 55،55 روپے فی لٹر اضافے کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ فیصلہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی سربراہی میں قائم خصوصی کمیٹی کے اجلاس کے بعد کیا گیا، جس میں ملک کی معاشی اور توانائی کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔
حکومتی وزراء نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ اس اضافے کی اصل وجہ مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی ہےایران پر حملے کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی ہیں۔
 رواں ہفتے امریکی خام تیل 35% اور برینٹ کی قیمت 28% تک بڑھ چکی ہے، جس کا بوجھ براہِ راست مقامی قیمتوں پر پڑا ہے۔وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر بڑھتی قیمتوں کے باعث یہ کڑوا گھونٹ بھرنا ناگزیر تھا تاکہ ملکی معیشت کو استحکام دیا جا سکے۔
وزیرِ پٹرولیم علی پرویز ملک کا کہنا ہے کہ ہم غیر معمولی حالات سے گزر رہے ہیں اور سپلائی چین کو برقرار رکھنا اولین ترجیح ہے۔ حکومت اگلے دو روز میں چاروں صوبائی وزرائے اعلیٰ سے بھی ملاقات کرے گی تاکہ بڑھتی ہوئی قیمتوں کے اثرات اور ڈیمانڈ مینجمنٹ پر حکمتِ عملی طے کی جا سکے۔

مزیدخبریں