اسلام آباد : انٹیلی جنس ذرائع کے مطابق بھارت کو پہلگام میں اپنے خود ساختہ فالس فلیگ آپریشن میں منہ کی کھانے کے بعد، اب اس نے بلوچستان میں بدامنی پھیلانے کی نئی سازش رچا لی ہے۔ اطلاعات کے مطابق بھارتی خفیہ ایجنسی "را" نے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں اپنی پراکسی تنظیموں کو متحرک کر دیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ را نے گوادر، کوئٹہ اور خضدار جیسے اہم شہروں میں دہشت گردی کی منصوبہ بندی کی ہے، اور اس مقصد کے لیے بلوچ علیحدگی پسند تنظیم بی ایل اے، فتنہ الخوارج، اور غیرقانونی طور پر موجود افغانیوں کو استعمال کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
مزید یہ کہ افغان سرزمین سے کچھ دہشت گردوں کو پاکستان منتقل کیا جا چکا ہے، جن میں مبینہ طور پر خودکش حملہ آور بھی شامل ہیں۔ ان افراد سے متعلقہ علاقوں کی ریکی کروائی جا چکی ہے اور ان کے حملوں میں گاڑی یا موٹر سائیکل کا استعمال کیا جا سکتا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے مکمل الرٹ ہیں اور ان بھارتی سرپرستی میں ہونے والی سازشوں کو ناکام بنانے کے لیے پوری طرح متحرک ہو چکے ہیں۔ حکام کے مطابق بھارت کی بلوچستان میں مداخلت کے ٹھوس ثبوت پہلے بھی منظرِ عام پر آ چکے ہیں، جن سے یہ بات واضح ہوتی ہے کہ بھارت پاکستان میں عدم استحکام پیدا کرنے کی مسلسل کوشش کر رہا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ بھارت کی یہ نئی کوشش دراصل پہلگام فالس فلیگ آپریشن میں عالمی سطح پر ہونے والی ناکامی کا ردعمل ہے، جس کا مقصد پاکستان کو عالمی سطح پر بدنام کرنے کی ناکام کوشش تھی۔