آرمی چیف کا احسن اقدام : بھارت سے واپس بھیجے گئے دوبیمار بچوں کے علاج کی ذمہ داری سنبھال لی

01:38 PM, 6 May, 2025

نیوویب ڈیسک

راولپنڈی :  بھارت سے دل کے مرض میں مبتلا دو پاکستانی بچوں کو علاج کے دوران ملک بدر کرنے کے واقعے کے بعد، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے ان بچوں کے علاج کی مکمل ذمہ داری اٹھا لی ہے۔ راولپنڈی کے معروف اے ایف آئی سی ہسپتال میں دونوں بچوں کا مفت اور معیاری علاج جاری ہے۔

یہ دونوں بچے سندھ کے رہائشی شاہد احمد کے بیٹے ہیں، جو اپنے بچوں کے پیدائشی دل کے مرض کے علاج کے لیے بھارت کے شہر فرید آباد پہنچے تھے۔ 21 اپریل 2025 کو ان کا بھارت پہنچنا ہوا، 22 اپریل کو ٹیسٹ ہوئے اور 23 اپریل کو سرجری کی تیاری مکمل کر لی گئی تھی۔ تاہم، اسی دوران بھارتی حکام نے محض 48 گھنٹوں میں ملک چھوڑنے کا حکم جاری کر دیا۔

شاہد احمد نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا، “یہ عمل مودی حکومت کی غیر انسانی پالیسیوں کا عکس ہے۔ ہمارے بچوں کو علاج کے وقت ملک سے نکال کر انسانیت کی توہین کی گئی۔” ان کا کہنا تھا کہ “انسانیت سے بڑا کوئی مذہب نہیں، ہندو مذہب بھی خدمت کا درس دیتا ہے لیکن مودی حکومت نے اپنی تنگ نظری سے اس تعلیم کو بھی مسخ کر دیا ہے۔”

شاہد احمد نے جنرل عاصم منیر کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا، “میں ان کا شکر گزار ہوں جنہوں نے میری آواز سنی اور میرے بچوں کو بہترین علاج کی سہولیات فراہم کیں۔”

اے ایف آئی سی کے ماہر امراضِ قلب ڈاکٹر محبوب سلطان نے بتایا کہ دونوں بچوں کو "Tetralogy of Fallot" نامی پیچیدہ دل کی بیماری لاحق ہے، جس میں دل میں سوراخ اور پھیپھڑوں کی نالیاں متاثر ہوتی ہیں۔ ڈاکٹر کا کہنا تھا کہ “ایسی بیماریوں کا علاج پاکستان میں ممکن ہے، اور ہم ماضی میں بھی درجنوں بچوں کی کامیاب سرجریاں کر چکے ہیں۔” ادھر بریگیڈیئر ڈاکٹر خرم اختر نے کہا کہ بچوں کی مرحلہ وار سرجریاں کی جائیں گی اور یہ علاج عالمی معیار کے مطابق ہو گا۔

مزیدخبریں