لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں ای ٹیکسی پراجیکٹ اور ماس ٹرانزٹ سسٹمز پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں پنجاب حکومت نے ای چارجنگ اسٹیشنز پر سولر پاور سسٹم نصب کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے ماحول دوست ٹرانسپورٹ منصوبوں کی جانب اہم قدم اٹھایا ہے۔
اجلاس میں "ییلو لائن ماس ٹرانزٹ سسٹم" کی فزیبلٹی رپورٹ پیش کی گئی، جس پر جناح ٹرمینل سے ہربنس پورہ تک جلد کام شروع کرنے کی ہدایت جاری کی گئی۔ وزیراعلیٰ نے اس بات پر زور دیا کہ ٹرانسپورٹ کے روٹس عوام کی سہولت کے مطابق بنائے جائیں، خاص طور پر گوجرانوالہ میں مجوزہ منصوبے کے لیے مزید تجاویز طلب کی گئیں۔
اجلاس میں ای ٹیکسی اسکیم کا فنانشل ماڈل بھی اصولی طور پر منظور کر لیا گیا۔ ابتدائی طور پر 1100 ای ٹیکسیوں پر مشتمل پائلٹ پراجیکٹ شروع کرنے پر اتفاق ہوا۔ یہ ٹیکسی سروس ماحول دوست ہوگی اور حکومت پنجاب کی جانب سے اس پر سبسڈی بھی فراہم کی جائے گی۔ اس کے علاوہ یہ کہ پٹرول پمپس کے ساتھ چارجنگ اسٹیشنز قائم کرنے کی تجویز پر بھی غور کیا گیا، تاکہ الیکٹرک گاڑیوں کی چارجنگ سہولت کو عام اور قابل رسائی بنایا جا سکے۔