غیر معیاری مواد پر میٹا کی سختی، اسپام پیجز بند کرنے کا عندیہ

07:08 PM, 6 May, 2025

کیلیفورنیا: اگر آپ کو لگتا ہے کہ فیس بک پر غیر متعلقہ یا اسپام پوسٹس کی بھرمار ہو گئی ہے، تو یہ محض آپ کا وہم نہیں، بلکہ خود میٹا نے اس کا اعتراف کیا ہے۔

میٹا کی جانب سے جاری حالیہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ فیس بک فیڈ میں صارفین کو اکثر ایسی پوسٹس کا سامنا ہوتا ہے جو بامقصد یا دلچسپ نہیں ہوتیں، اور کمپنی اس صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے سرگرم ہے۔

رپورٹ کے مطابق، ایسے صارفین جن کی پوسٹس غیر متعلقہ یا توجہ بھٹکانے والے کیپشنز پر مشتمل ہوں گی، ان کی رسائی کم کر دی جائے گی۔ مزید یہ کہ ایسے اکاؤنٹس کو فیس بک پر آمدنی کمانے کے لیے بھی نااہل قرار دیا جائے گا۔

میٹا نے واضح کیا کہ اسپام پھیلانے والے نیٹ ورکس کے خلاف زیادہ جارحانہ کارروائیاں کی جائیں گی۔ ایسے پیجز، جن کی پوسٹس اسپام قرار پائیں، ختم کیے جا سکتے ہیں، اور ان اکاؤنٹس کے کمنٹس کو بھی فیڈ میں کم نمایاں کیا جائے گا۔

کمپنی نے ایک نئے فیچر کی آزمائش بھی شروع کر دی ہے جس کے تحت صارفین گمنام طور پر کمنٹس کو ڈاؤن ووٹ کر سکیں گے، تاکہ غیر معیاری مواد کو نظرانداز کیا جا سکے۔

میٹا کا کہنا ہے کہ وہ ان صارفین کو ترجیح دے گی جو اوریجنل اور معیاری مواد شیئر کرتے ہیں، تاکہ فیس بک کو زیادہ بامقصد اور جاذبِ نظر پلیٹ فارم بنایا جا سکے۔

یہ اقدامات ایسے وقت میں کیے جا رہے ہیں جب کمپنی نوجوان صارفین کو فیس بک کی جانب دوبارہ راغب کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ اسی حکمتِ عملی کے تحت "فرینڈز ٹیب" کو دوبارہ ایپ میں شامل کیا گیا ہے اور مارک زکربرگ آئندہ چند ماہ میں فیس بک کو اس کے پرانے انداز میں بحال کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

مزیدخبریں