ٹرمپ اور مارک کارنی کی ملاقات: تجارتی اختلافات کے باوجود خوشگوار گفتگو

11:49 PM, 6 May, 2025

واشنگٹن :امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور کینیڈا کے نئے وزیراعظم مارک کارنی کے درمیان وائٹ ہاؤس میں ہونے والی پہلی ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی، لیکن تجارتی پالیسیوں پر دونوں رہنماؤں کے درمیان نمایاں اختلافات برقرار رہے۔

ملاقات کے دوران صدر ٹرمپ نے غیر رسمی انداز میں کینیڈا کو امریکہ کی 51ویں ریاست بنانے کی پیشکش کی، جس پر وزیراعظم کارنی نے دوٹوک الفاظ میں کہا، "کینیڈا کبھی فروخت کے لیے نہیں ہے۔" ٹرمپ نے مسکراتے ہوئے جواب دیا، "کبھی نہ کبھی، کچھ بھی ممکن ہے۔"

دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی اس ملاقات میں امریکی ٹیرف، محصولات اور تجارتی تعلقات پر کھل کر بات چیت ہوئی۔ صدر ٹرمپ نے ایک بار پھر امریکہ کے مفادات کو ترجیح دینے کا اعادہ کیا، جبکہ وزیراعظم کارنی نے کینیڈا کی خودمختاری اور آزاد تجارتی پالیسیوں کا بھرپور دفاع کیا۔

ملاقات کی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہیں، جن میں دونوں رہنما غیر رسمی انداز میں گفتگو کرتے اور مسکراتے نظر آتے ہیں، تاہم عوامی ردِعمل مخلوط رہا ہے۔

ایک صحافی کے سوال کے جواب میں کہ آیا ٹرمپ کینیڈا پر عائد ٹیرف ختم کریں گے، امریکی صدر کا مختصر جواب تھا: "یہ بس ایسے ہی ہے۔" انہوں نے واضح کیا کہ کارنی کی باتوں سے ان کے مؤقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔

یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب امریکی تجارتی پابندیوں کے باعث کینیڈا میں عوامی غصے نے نئی حکومت کی راہ ہموار کی۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ کارنی کا لہجہ نرم تھا، لیکن اصل امتحان آئندہ تجارتی مذاکرات میں سامنے آئے گا۔

مزیدخبریں