علیزے شاہ ایک بار پھر تنقید کی زد میں

05:52 PM, 6 May, 2026

کراچی: پاکستانی شوبز کی معروف اداکارہ علیزے شاہ ایک بار پھر سوشل میڈیا پر تنقید کی زد میں آ گئی ہیں، تاہم اس مرتبہ معاملہ ان کے لباس یا انداز کے بجائے ایک ڈرامائی منظر کو لے کر زیرِ بحث ہے۔

علیزے شاہ کے حالیہ ڈرامہ “خواب میرے” کا ایک مختصر کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے، جس میں انہیں ایک رومانوی سین کے دوران لڑکھڑاتے ہوئے دکھایا گیا ہے جبکہ اداکار اظفر رحمٰن انہیں سہارا دیتے نظر آتے ہیں۔

اگرچہ یہ منظر ڈرامے کی کہانی کا ایک جذباتی حصہ بتایا جا رہا ہے، لیکن کئی سوشل میڈیا صارفین نے اداکارہ کی پرفارمنس کو غیر حقیقی اور کمزور قرار دیا ہے۔

مختلف پلیٹ فارمز پر صارفین کی جانب سے ملے جلے ردِعمل کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ بعض افراد نے علیزے شاہ کی اداکاری پر تنقید کرتے ہوئے اسے حد سے زیادہ ڈرامائی قرار دیا، جبکہ کچھ نے اس منظر کو غیر ضروری انداز میں پیش کرنے کا تاثر دیا۔

دوسری جانب اداکارہ کے مداح بھی ان کے دفاع میں سامنے آگئے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ صرف چند سیکنڈ کے کلپ کی بنیاد پر کسی اداکار کی مکمل کارکردگی کا فیصلہ کرنا مناسب نہیں، کیونکہ ڈرامے کے مکمل تناظر میں یہی منظر زیادہ مؤثر محسوس ہوسکتا ہے۔

یہ پہلا موقع نہیں کہ علیزے شاہ سوشل میڈیا تنقید کا سامنا کر رہی ہوں، تاہم اس بار گفتگو کا مرکز ان کی اداکاری بنی ہوئی ہے۔
 
 
 

مزیدخبریں