"ہماری ناکہ بندی سیسہ پلائی دیوار ہے، ایران ایٹمی ہتھیار نہیں بنا سکتا، وہ ڈیل کے لیے تیار ہے": ڈونلڈ ٹرمپ 

10:20 PM, 6 May, 2026

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عالمی سکیورٹی، امریکی عسکری طاقت اور خارجہ پالیسی کے محاذ پر ایک بار پھر تند و تیز بیانات جاری کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اب دنیا امریکی طاقت کے سامنے جھکنے پر مجبور ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایران اب امریکی دباؤ کے بعد مذاکرات اور نئی ڈیل کے لیے بے تاب ہے، تاہم واشنگٹن کسی بھی قیمت پر تہران کو ایٹمی ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔
امریکی صدر نے وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپنی انتظامیہ کی کارکردگی پر فخر کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا   وینزویلا میں ہم نے محض ایک دن کے اندر اپنا کام مکمل کر لیا تھا، اور اب ایران میں بھی ہمارا کام انتہائی آسانی سے جاری ہے۔ ایران اس وقت شدید دباؤ میں ہے اور وہ ہم سے مذاکرات اور ڈیل کرنا چاہتا ہے۔
صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ ہم باریک بینی سے جائزہ لیں گے کہ آیا ایران کی طرف سے دی جانے والی تجاویز ہمیں مطمئن کرتی ہیں یا نہیں، اور کیا وہ حتمی ڈیل پر راضی ہوتا ہے۔
صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ان کے پاس دنیا کی مضبوط ترین فوج موجود ہے جسے انہوں نے اپنی صدارت کی پہلی مدت میں مزید مضبوط اور جدید بنایا۔    طاقت کا استعمال کیوں ہوا؟ انہوں نے دوٹوک انداز میں کہا کہ "ہم نے ایران کے خلاف فوجی طاقت کا استعمال صرف اس لیے کیا تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ وہ کبھی ایٹمی ہتھیار نہ رکھ سکے۔ امریکی صدر نے خبردار کیا کہ امریکہ کی طرف سے کی جانے والی ناکہ بندی ایک سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح مضبوط ہے، جسے دنیا کی کوئی طاقت نہیں توڑ سکتی۔
صدر ٹرمپ نے اپنی سیاسی ٹیم بالخصوص نائب صدر جے ڈی وینس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی پوری ٹیم موجودہ عالمی صورتحال سے بہترین انداز میں نمٹ رہی ہے۔ انہوں نے سابقہ پالیسیوں پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ محض دو سال پہلے دنیا امریکہ کی پالیسیوں پر ہنستی تھی، لیکن آج امریکہ کی طاقت اور فیصلے کا لوہا مانا جاتا ہے اور دنیا ہماری عزت کرتی ہے۔

مزیدخبریں