27 ویں آئینی ترمیم پر اتحادیوں کو اعتماد میں لیا گیا ،معاملہ ہار جیت یا انا کا نہیں بلکہ بہتری کا ہے، عطا تارڑ

08:33 PM, 6 Nov, 2025

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ  کاکہنا ہے کہ  27 ویں آئینی ترمیم کے حوالے سے وزیراعظم نے تمام اتحادی جماعتوں سے ملاقات کی ہے اور انہیں مکمل طور پر اعتماد میں لیا گیا ہے۔
 نیونیو زکے پروگرام  "نیوز ٹاک ود یشین جمال " میں  ایک سوال کے جواب میں  گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ وزیراعظم نے ہدایت دی ہے کہ ہر ترمیم کے بارے میں اتحادیوں کو اعتماد میں لیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ آئین ایک زندہ دستاویز ہے، جس میں وقت اور حالات کے مطابق بہتری لائی جا سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ گورننس اور قومی دفاع کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے مفید تجاویز سامنے آئی ہیں، جبکہ وفاق اور صوبوں کے باہمی تعلقات کے حوالے سے بھی مثبت نکات دیے گئے ہیں۔ عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ جو بھی ترامیم سینیٹ میں پیش ہوں گی، ان کا باقاعدہ مسودہ سینیٹ میں پیش کیا جائے گا۔ مختلف اتحادی جماعتوں نے ترمیم کے حوالے سے مفید تجاویز دی ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ یہ معاملہ ہار جیت یا انا کا نہیں بلکہ بہتری کا ہے، اس میں ردوبدل کی گنجائش موجود ہے۔ بلاول بھٹو کے حالیہ ٹویٹ نے بھی صورتحال کو واضح کیا ہے۔ عطا تارڑ نے بتایا کہ 26 ویں آئینی ترمیم ہی 27 ویں ترمیم کی بنیاد بنی، جس کے تحت آئینی عدالت کے قیام پر اتفاق ہوا تھا۔

مزیدخبریں